Wednesday, April 16, 2025
ہومبریکنگ نیوزبہاولپور کے شہدا کے لواحقین سے محمد علی درانی کی ملاقات، ورثا کیلئے مالی امداد اور انصاف کا مطالبہ

بہاولپور کے شہدا کے لواحقین سے محمد علی درانی کی ملاقات، ورثا کیلئے مالی امداد اور انصاف کا مطالبہ

بہاولپور : سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی نے ایران کے علاقے سیستان میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے بہاولپور کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وہ مہراب والا میں خالد شہید اور چکی موڑ پر جمشید شہید کے گھر گئے، جہاں انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

محمد علی درانی نے وزیراعظم پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ ہر شہید کے ورثا کو فی کس ایک کروڑ روپے کی مالی امداد دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ “جان کی کوئی قیمت نہیں ہو سکتی، مگر پاکستان کے سب سے پسماندہ علاقے کے ان غریب خاندانوں کی کفالت حکومت کی ذمہ داری ہے۔”

انہوں نے زور دیا کہ شہید مزدوروں کے بچوں کی تعلیم اور مکمل کفالت کی ذمے داری بھی حکومت کو اٹھانی چاہیے۔ اس موقع پر ورثا نے مطالبہ کیا کہ شہداء کے جسد خاکی جلد از جلد وطن واپس لانے کا انتظام کیا جائے۔

محمد علی درانی نے اعلان کیا کہ وہ جلد ایران کے سفیر سے ملاقات کر کے متاثرہ خاندانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی گزارشات ان کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ مزدوروں کے قاتلوں کو جلد گرفتار کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے اور ایران میں کام کرنے والے پاکستانی مزدوروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ایران سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ شہداء کے لواحقین کی مالی کفالت میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھا جا سکے۔

محمد علی درانی نے کہا، “یہ محنت کش شہید معیشت ہیں، جنہوں نے غربت سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ان کے ساتھ ہونے والا ظلم ناقابل معافی ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام اور مزدوروں کی شہادت کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔