اسلام آباد:(سب نیوز)آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ نے ریجنل آفس اسلام آباد میں ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں ٹرانسپورٹرز مسافروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اوور لوڈنگ یا زائد کرایہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق آئی جی موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ نے کہا کہ مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے موٹروے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آر ایف آئی ڈی نظام کے تحت پبلک سروس گاڑیوں کے لیے اسپیڈ کنٹرول مانیٹرنگ نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جا سکے۔
مزید برآں، کلر کہار سالٹ رینج میں خودکار نظام کے تحت گاڑیوں کی رفتار کو مانیٹر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ آئی جی موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹروے پولیس ٹرانسپورٹرز کے ساتھ مل کر مسافروں کی سلامتی کو یقینی بنا رہی ہے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔