Tuesday, April 1, 2025
ہومپاکستانپی ٹی آئی کے گرفتار 59کارکن راولپنڈی سے اسلام آباد پولیس کے حوالے

پی ٹی آئی کے گرفتار 59کارکن راولپنڈی سے اسلام آباد پولیس کے حوالے

اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی پولیس نے راولپنڈی میں زیر حراست پاکستان تحریک انصاف کے 59سرگرم کارکنوں کی گرفتاری کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔ذرائع کے مطابق یہ کارکن راولپنڈی میں درج 29مقدمات میں گرفتار کیے گئے تھے، تاہم اسلام آباد کے 8 تھانوں میں بھی ان کے خلاف مقدمات درج ہیں، جس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں حوالگی کی درخواستیں دائر کر دی ہیں۔

قانونی ماہرین کے مطابق اگر عدالت نے درخواستیں منظور کر لیں تو یہ کارکن ضمانت کے باوجود فوری رہا نہیں ہو سکیں گے اور ان کی رہائی کا معاملہ ممکنہ طور پر عید کے بعد تک لٹک سکتا ہے۔وکلائے صفائی نے عدالت میں اسلام آباد پولیس کے موقف کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی، جبکہ سرکاری پراسیکیوٹر نے ملزمان کی اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کی حمایت کی۔عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

بعد ازاں تحریک انصاف کے گرفتار 59کارکن راولپنڈی سے اسلام آباد پولیس حوالے کردیے گئے۔ یہ کارکن 26 نومبر احتجاج میں راولپنڈی کے 29 مقدمات میں گرفتار تھے۔انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی نے ملزمان کی اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے کی درخواستیں منظور کر لیں، جس کے بعد اسلام آباد پولیس جیل سے بلوائے گئے ان 59 ملزم کارکنان کو لے کر اسلام آباد روانہ ہو گئی۔تمام 59 پی ٹی آئی کارکن ملزمان کو اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت پیش کیا جائے گا ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔