Tuesday, March 11, 2025
ہومبریکنگ نیوزپاکستان کی کرپٹو کونسل کے چیف ایڈوائزر مقررہونے والے بلال بن ثاقب کون ہیں؟

پاکستان کی کرپٹو کونسل کے چیف ایڈوائزر مقررہونے والے بلال بن ثاقب کون ہیں؟

اسلام آباد (سب نیوز )کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی اپنانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے حکومت پاکستان نے بلال بن ثاقب کو کرپٹو کونسل کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وسیع مہارت اور جدید خیالات پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لئے اہم ثابت ہوں گے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق حکومت نے بلال بن ثاقب کو پاکستان کرپٹو کونسل میں وزیر خزانہ کے مشیر کے طور پر تعینات کیا ہے، اس اقدام کا مقصد ٹیکنالوجی میں ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ایک مضبوط پالیسی کا اطلاق ہے تاکہ ملکی معیشت، ڈیجیٹل تبدیلی اور تمام شہریوں کے لیے محفوظ اور شفاف مالی نظام کویقینی بنایا جاسکے۔ بلال بن ثاقب کو فوربز نے تیس سال سے کم عمر کے 30 نمایاں شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے، وہ ویب 3 سرمایہ کار، اسٹرٹیجک مشیر اور بلاک چین کی دنیا کے معروف رہنما ہیں۔

کنگ چارلس تھری، آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم اور میئر آف لندن نے کمیونٹی کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا ہے، انہیں 2023 میں برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے پوائنٹس آف لائٹ ایوارڈ بھی دیا گیا جو ملک میں تبدیلی لانے والے لوگوں ان کی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتاہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے نیشنل ہیلتھ سروس (این ایچ ایس) کے لئے ان کی خدمات پر ایم بی ای (ممبر آف دی برٹش ایمپائر) کا اعزاز بھی حاصل کیا ہے۔اہم عہدے پر تعینات ہونے کے بعد بلال بن ثاقب ملکی مالیاتی نظام میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کے انضمام کے لئے اپنے وسیع علم اور تجربے کو بروئے کار لائیں گے، ان کا مقصد ایک مضبوط اور عالمی معیار کے مطابق ڈیجیٹل اثاثوں کے لئے ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

اس کے علاوہ وہ وزارت خزانہ کو حکومت کی کارکردگی کو بڑھانے، فیصلہ سازی کے عمل کو بہتر بنانے اور عوامی شعبے کی آپریشنز میں جدت کو فروغ دینے کے لئے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر مشارتی خدمات بھی فراہم کریں گے۔

بلال بن ثاقب کی تعیناتی پاکستان کے کرپٹو کرنسی کے شعبے میں ایک اہم قدم ہے جس سے نہ صرف مالی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ اس سے کرپٹو کرنسی کے اثرات کا جائزہ لے کر ملکی معیشت پر اس کے ممکنہ اثرات کو بھی بہتر طریقے سے سمجھا جا سکے گا۔وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے بلال بن ثاقب کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی وسیع مہارت اور جدید خیالات پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لئے اہم ثابت ہوں گے۔

بلال بن ثاقب کی تعیناتی ہمارے عزم کا عکاس ہے کہ ہم نہ صرف ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانا چاہتے ہیں بلکہ سا تھ ہی ایک محفوظ اور شفاف مالی نظام کی تشکیل کے لئے پر عزم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے پاکستان کے کرپٹو سیکٹر کے لئے ایک مضبوط اور موثر ریگولیٹری فریم ورک کے قیام میں وہ کلیدی کرداراداکریں گے۔

بلال بن ثاقب نے اپنی تعیناتی پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین خاص طور پر نوجوانوں کے لیے، جو ہمارے ملک کے ڈیجیٹل مستقبل کے محرک ہیں بے پناہ صلاحیت کی حامل ٹیکنالوجیزہیں۔ان کا کہنا تھا کہ درست حکمت عملی اور ریگولیٹری فریم ورک کے ساتھ، ہم اپنے ملک کے نوجوانوں کو نہ صرف بااختیار بنا سکتے ہیں بلکہ معاشی ترقی کو فروغ دیکر پاکستان کو اس شعبے میں عالمی رہنما بنا سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔