Monday, March 10, 2025
ہومپنجابفتح جنگ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا بڑا کریک ڈاؤن، ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی

فتح جنگ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا بڑا کریک ڈاؤن، ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی

فتح جنگ (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن، ڈپٹی کمشنر اٹک عاطف رضا اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ حمیرہ شاہ کی ہدایات پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ناجائز منافع خوری سے بچانے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ و تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کی قیادت میں بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا۔ فتح جنگ کے مین بازار، کوہاٹ روڈ اور کھوڑ روڈ سمیت مختلف تجارتی مراکز میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دکانداروں کو چیک کیا گیا، جن میں سے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر پر مجموعی طور پر ایک لاکھ ستر ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ متعدد دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔

تحصیلدار چوہدری شفقت محمود نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کے حقوق پر کسی کو ڈاکا ڈالنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ فتح جنگ کو ماڈل تحصیل کا درجہ دیا گیا ہے اور اس اعزاز کو برقرار رکھنے کے لیے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ مکمل متحرک ہے اور جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب عوام نے بھی تحصیل انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے چوہدری شفقت محمود کی کوششوں کی تعریف کی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں مہنگائی کے خلاف اس طرح کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ اسلام آباد کے ایک سوشل میڈیا صارف نے یہاں تک مطالبہ کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں بھی چوہدری شفقت محمود جیسے افسران تعینات کریں تاکہ وہاں بھی عوام کو مہنگائی مافیا سے نجات مل سکے۔

فتح جنگ کی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی یا دیگر خلاف ورزیاں نظر آئیں تو فوری طور پر ضلعی انتظامیہ کو اطلاع دی جائے تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔