لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اڈیالہ کا قیدی اور اس کے چیلے بغض مریم میں ہلکان ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز ایک سال بعد عوام کے سامنے اپنی کارکردگی پیش کرنے والی پہلی وزیراعلیٰ ہیں، پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی کارکردگی پر اطمینان کی مہر لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز سے متعلق ایک جماعت اور اس کے لوگ مسلسل غلط الفاظ استعمال کر رہے ہیں، پہلے بانی پی ٹی آئی مریم نواز کے بارے میں اخلاقیات سے گری ہوئی گفتگو کرتا تھا، اب یہ کام علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف نے بھی شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خط بازیاں کرنا آپ کے لیڈر اور آپ لوگوں کی پرانی عادتیں ہیں جو آج تک نہیں بدلیں، بانی پی ٹی آئی کی ٹریننگ پر ہی وزیراعلیٰ کے پی اور ان کے ترجمان مریم نواز کے بارے میں ایسی گفتگو کرتے ہیں، ان کی باتوں، خاندانی اقدار اور ان کی فیملی کی خواتین پر ترس آتا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز آج پنجاب سمیت پاکستان کے یوتھ کی پسندیدہ لیڈر بن گئی ہیں، نارووال کے کامیاب جلسے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد اس کا کھلا ثبوت ہے، اڈیالہ کا قیدی اور اس کے چیلے بغض مریم میں ہلکان ہو رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کی تیزی سے بڑھتی مقبولیت سے دو صوبوں کی حکومتیں پریشان ہیں، مخالفین حسد اور تعصب کی عینک اتاریں اور پنجاب کے اچھے منصوبوں کی تعریف کریں، اگر کسی صوبے کو پنجاب کے کسی منصوبوں کی تفصیل چاہیے تو مریم نواز فراہم کریں گی، مریم نواز کو عوام کی خدمت کا درس اپنی والد سے ملا ہے۔