سیالکوٹ(سب نیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج اور فساد کی سیاست کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ملک میں یومِ ترقی منایا جا رہا ہے، جبکہ پی ٹی آئی یومِ سیاہ منا رہی ہے۔
سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ جب بھی پاکستان کی عزت کا موقع آتا ہے، فسادی ٹولہ سر اٹھا لیتا ہے۔ انہوں نے ایس سی او کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی پر فساد برپا کرنے کی کوشش کا الزام لگایا اور کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے تعلقات میں اضافہ ہو رہا ہے، مگر پی ٹی آئی عالمی ایونٹس کی توقیر میں کمی کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ 9 مئی اور 26 نومبر جیسے واقعات کو دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈاپور نے خود تسلیم کیا کہ ان کے 99 فیصد مطالبات پورے ہو چکے ہیں، تو پھر احتجاج کا جواز کیا ہے؟
معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے معیشت مستحکم ہو چکی ہے، پالیسی ریٹ 22 سے کم ہو کر 12 فیصد پر آ گیا ہے، مہنگائی کی شرح کم ہو رہی ہے، اور اسٹاک مارکیٹ 1,18,000 کی نفسیاتی حد تک پہنچ چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے، بجلی کے نرخوں میں کمی متوقع ہے، جبکہ دہشت گردوں کے خاتمے اور چینی کی اسمگلنگ روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کا رویہ پاکستان کے مفادات کے لیے نقصان دہ ہے اور چیمپئنز ٹرافی کو سبوتاژ کرنے کے لیے فسادی ٹولہ متحرک ہو رہا ہے۔