اسلام آباد : صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے رئیل اسٹیٹ شعبے کیلئے مراعاتی پیکج کی مکمل حمایت کرتے ہیں، پراپرٹی اور ہائوسنگ سیکٹر پر بجٹ میں لگائے گئے ٹیکسز پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی 4 فیصد شرح رئیل اسٹیٹ شعبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہے۔
پیر کو رئیل اسٹیٹ مراعاتی پیکج کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ہاوسنگ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر ٹیکسز کو کم کر کے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے ،حکومت کو کم قیمت گھروں کے حصول کیلئے ہر ممکن مراعات دینی چاہئیں، پاکستان میں بھی پہلی مرتبہ گھر بنانے یا خریدنے پر مکمل ٹیکس چھوٹ دی جانی چاہیے۔
عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ مراعاتی پیکیج میں اوورسیز پاکستانیز کو ودہولڈنگ ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے،رہائشی مکان کی تین منزلوں کی اجازت اچھا اقدام ،حکومت کو ہائی ریز بلڈنگ کی طرف جانا چاہیے، گزشتہ چند سالوں سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر جمود کا شکار،حکومت بحالی کیلئے جامع پلان پیش کرے۔