اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کر دی، کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20 فیصدتک لیوی لگے گی، صدرمملکت نے کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی عائد کرنے کے لیے آرڈیننس کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے آف دی گرڈ کیپٹو پاور پلانٹس آرڈیننس 2025 پر دستخط کردیے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
اس آرڈیننس کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس پر مرحلہ وار 20 فیصد لیوی عائد کی جائے گی، فوری طور پر 5 فیصد نافذالعمل ہوگئی، کیپٹو پاور پلانٹس پر جولائی 2025 میں لیوی کی شرح 10 فیصد اور فروری 2026 میں 15 جبکہ اگست 2026 میں کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی 20 فیصد ہوجائے گی۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے صنعتوں کے لیے گیس کی قیمت میں اضافے کی منظوری دی تھی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس میں کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے ٹیرف میں 500 روپے فی ایم ایم بی ٹو کے اضافے کی منظوری دی گئی تھی، تاہم گھریلو صارفین کے لیے گیس مہنگی کرنے کی تجویز کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کیپٹو پاور پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف 3 ہزار سے بڑھاکر 3500 روپے فی ایم ایم بی ٹو مقرر کر دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مطالبے پر کیپٹو پلانٹس کے لیے گیس ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے لیے قیمت ایل این جی کے برابر کر دی گئی تھی۔