تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے جنگ بندی ڈیل کا پہلا مرحلہ عارضی ہے اور دوسرا مرحلہ بے نتیجہ رہا تو جنگ کا دوبارہ آغاز کردیں گے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی معاہدہ آج سے نافذ العمل ہورہا ہے جس کا باقاعدہ آغاز آج صبح مقامی وقت کے مطابق 8 بج کر 30 منٹ پر ہوجائے گا۔
جنگ بندی کے باقاعدہ آغاز سے چند گھنٹے قبل خطاب کرتےہوئے اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی مغویوں کی فہرست ملنے تک جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد نہیں کریں گے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ جنگ بندی ڈیل کا پہلا مرحلہ عارضی ہے اور دوسرا مرحلہ بے نتیجہ رہا تو جنگ کا دوبارہ آغاز کردیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں 33 اسرائیلی مغویوں کے بدلے 1000 فلسطینیوں کی رہائی کا امکان ہے۔
دوسری جانب غزہ جنگ بندی کے اعلان سے اب تک اسرائیلی حملوں میں مزید 33 فلسطینی بچوں سمیت 122 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔