Wednesday, February 5, 2025
ہومکامرسشرح سود کو سنگل ڈیجیٹ میں لانے کا سنہری موقع ،5فیصد کمی کی جائے ، عاطف اکرام شیخ

شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ میں لانے کا سنہری موقع ،5فیصد کمی کی جائے ، عاطف اکرام شیخ

اسلام آباد : صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ پہلی ششماہی میں چار بار 27جنوری ،10مارچ، 5مئی اور 16جون کومانیٹری پالیسی کمیٹی اجلاس ہونگے ، شرح سود کو سنگل ڈیجیٹ میں لانے کا سنہری موقع ،اسٹیٹ بینک پالیسی ریٹ میں 5فیصد کمی کرے ، شرح سود میں فوری اور بڑی کمی ملکی معیشت کی بہتری اور مالی استحکام کے حوالے سے اہم ہے ۔

صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مہنگائی 4.1فیصد تک گر گئی ، ترسیلات زر میں سالانہ بنیادوں پر 29فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے ،اسٹاک مارکیٹ 1لاکھ 13ہزار پوائنٹس پر،سرکاری زرمبادلہ ذخائر 12.5ارب ڈالر ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی کے باوجود 13فیصد کی بلند شرح سود کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں بڑی رکاوٹ ہے،مہنگائی میں نمایاں کمی کے پیش نظر پالیسی ریٹ کی موجودہ دوہرے ہندسے کی شرح غیر منصفانہ ہے، دسمبر میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصدہونے پر پالیسی ریٹ میں 500بیسس پوائنٹس کی کمی ہونی چاہئے ۔

عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ شرح سود میں بڑی کمی برآمدات میں مزید اضافے اور نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریگی، ملکی معیشت ٹریک پر آ چکی ،پائیدار اور دیرپا معاشی استحکام کیلئے کاروبار دوست اقدامات ناگزیر ہیں ، بزنس کمیونٹی معاشی بہتری کے لیے کیے گئے تمام حکومتی فیصلوں کی مکمل حمایت کرے گی ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔