اسلام آباد (آئی پی ایس ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ جنوبی ایشیا کے معاشی منظرنامے سے متعلق کانفرنس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ کانفرنس سے خطاب میرے لیے باعث اعزاز ہے، کانفرنس چیلنجز سے نمٹنے اور مواقع تلاش کرنے کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے مستحکم معیشت، پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اصلاحات اور تبدیلی کے سفر کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قابل تجدید توانائی کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے نظام وضع کر رہے ہیں۔