اسلام آباد (آئی پی ایس ) ڈپلومیٹک فسیلٹیشن اینڈ شٹل سروس کا قبضہ خوش اسلوبی سے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ایم سی آئی کے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن ڈی ایم اے کے سپرد کر دیا گیا۔چئیرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایم اے کی ڈائریکٹر ثانیہ حمید پاشا کی سربراہی میں ٹیم نے سابقہ لائسنس ہولڈر النور ویونگ سے سروس کا قبضہ حاصل کیا۔
النور ویونگ نے 4 جنوری 2022 کو شروع ہونے والے تین سالہ معاہدے کی مدت مکمل ہونے پر سروس کا قبضہ بخوشی حوالے کر دیا۔ڈی ایم اے نے شٹل سروس کی کامیاب تحویل کے فورا بعد شہریوں کی سہولت کے لئے اس سروس کو خود چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سی ڈی اے نے اعلان کیا ہے کہ اس روٹ پر نئی اور جدید الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جو کہ ماحول دوست اور مسافروں کے لئے مزید آرام دہ ہوں گی۔
سی ڈی اے کی جانب سے شہریوں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس اقدام کو بھرپور سراہا گیا ہے۔ یہ فیصلہ عوامی خدمت اور بہترین ٹرانسپورٹ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہارہے۔