اسلام آباد (آئی پی ایس ) انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کرینگے۔ وہ اس سال پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہِ ریاست ہوں گے۔ انہیں یہ دعوت وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دی ہے۔ دورے کا حتمی شیڈول سفارتی چینلز کے ذریعے طے کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، صدر پرابوو سبیانتو، جو گزشتہ اکتوبر میں منتخب ہوئے، پاکستان میں تین دن قیام کریں گے۔
انڈونیشیا کے صدر سات سال کے وقفے کے بعد پاکستان آ رہے ہیں۔ اس سے قبل، جنوری 2018 میں صدر جوکو ویدودو نے مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دورِ حکومت میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ انڈونیشیا کے صدر کا دورہ پاکستان کی “مشرق کی جانب دیکھو” پالیسی اور جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کی تنظیم (آسیان) کے مشرق بعید ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں واقع یہ تنظیم دس رکن ممالک پر مشتمل ہے جو مشرق بعید میں واقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اعلی سطحی وفد صدر پرابوو کے ساتھ ہوگا۔ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ مذاکرات کریں گے اور صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جو ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔