اسلام آباد (آئی پی ایس )سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ کا اے ڈی آر کی اہمیت سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا، جس میں انہوں نے ثالثی کے ذریعے تنازعات کے حل پر معاشی فواد کی اہمیت اجاگر کی ہے۔جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلے میں کہا کہ ثالثی کے ذریعے تنازعات کے حل کے معاشی فوائد نہایت اہم ہیں، ثالثی ایک کم خرچ، مثر اور خفیہ طریقہ کار کے طور پر نہ صرف ملکی عدالتوں کا بوجھ کم کرتی ہے بلکہ کاروباری پیداواری صلاحیت بھی بڑھاتی ہے۔
سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج نے لکھا کہ ثالثی کے ذریعے تنازعات کے جلد حل کا موقع ملتا ہے جس سے کاروبار میں تعطل کم ہوتا ہے، بین الاقوامی ثالثی کے فیصلوں کے نفاذ کی صلاحیت تجارت اور کاروبار کو مضبوط بناتی ہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ ثالثی کا مستحکم اور قابل پیش گوئی تنازعات کے حل کا نظام سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دیتا ہے، ثالثی سے ملک بیرونی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مقام بن جاتا ہے۔