Tuesday, July 1, 2025
ہومپاکستانپاکستان کو افغان بحران کاذمہ دار ٹھہرانا افسوسناک ہے، وزیراعظم عمران خان

پاکستان کو افغان بحران کاذمہ دار ٹھہرانا افسوسناک ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد،وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغان رہنماؤں کی طرف سے افغان بحران کا الزام پاکستان پر دینے کے حالیہ بیانات افسوس ناک ہیں کیونکہ یہ پاکستان ہی تھا جس نے طالبان کو پہلے امریکہ اور پھر افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے سخت جدوجہد کی ۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے افغان یوتھ فورم کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ افغانستان میں امن چاہتا ہے، افغانستان میں امن سے پاکستان کو وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مستقبل کی تمام اقتصادی پالیسیوں کا انحصار افغانستان میں امن پر ہے ،پاکستانی عوام افغانستان کے عوام کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ افغانستان میں امن کی اشد ضرورت ہے، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان خانہ جنگی کے اثرات پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ظاہر ہوں گے۔وزیراعظم نے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت تک بھارت کے ساتھ مذاکرات کرے گا نہ افغان امن عمل میں بھارت کی شراکت تسلیم کرے گا جب تک وہ پانچ اگست 2019کا اقدام واپس نہیں لے لیتا اور مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بحال نہیں کی جاتی جس کے مطابق کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حق خودارادیت دیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ بد قسمتی سے افغانستان میں یہ غلط فہمی موجود ہے کہ پاکستان کو عسکری ادارے کنٹرول کرتے ہیں ، اِس کی بنیاد بھارتی پروپیگنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ امن کی خواہش کا اظہار کیا ہے لیکن بھارت امن نہیں چاہتا کیونکہ وہ اِس وقت آر ایس ایس کے نظریے پر عمل پیرا ہے۔وزیراعظم نے مزید کہاکہ افغانستان کو باہر سے نہیں چلایا جا سکتا، میرا ہمیشہ موقف رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل عسکری نہیں بلکہ سیاسی طریقے سے ہے، حکومت کو اس موقف پر عسکری اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ حال ہی میں افغانستان کا دورہ کیا، صدر اشرف غنی سے اچھے تعلقات ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن کے حوالے سے خطے کا کوئی اور ملک پاکستان کی کوششوں کی برابری کا دعوے دار نہیں ہو سکتا۔ان کا کہنا ہے کہ ازبکستان کے ساتھ مزار شریف پشاور ریلوے لائن کے لیے معاہدہ کر چکے ہیں، ملکوں کے تعلقات میں اتار چڑھاو آتا رہتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔