Sunday, March 1, 2026
ہومپاکستانپی پی38 ضمنی الیکشن:تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریارنے میدان مارلیا

پی پی38 ضمنی الیکشن:تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریارنے میدان مارلیا

سیالکوٹ،پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کے ضمنی الیکشن میں حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے میدان مار لیا ہے۔ انہوں نے اپنے مخالف مسلم لیگ(ن)کے رہنما طارق سبحانی کو شکست دی۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان امیدوار احسن سلیم بریار نے اپنے حریف امیدوار کو انتخابی میدان میں پچھاڑتے ہوئے 60588 ووٹ لے کر فتح حاصل کی اور مسلم لیگ (ن)کی سیٹ چھین لی۔مسلم لیگ (ن)کے امیدوار چودھری طارق سبحانی 53471 ووٹ لے سکے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی کارکنوں نے خوب جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا جبکہ خوشی میں مٹھائیاں بھی بانٹی گئیں۔وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار نے سیالکوٹ ضمنی الیکشن میں کامیابی پر تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے خدمت، شرافت اور شفافیت کی سیاست کو کامیاب کرایا۔عثمان بزدار نے کہا کہ پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کے اظہار پر سیالکوٹ کے عوام خصوصا پی پی 38 کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی نے مخالف جماعت کی نشست جیت کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں صرف دیانتداری کی ہی سیاست چلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ مخالف جماعت کا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ منہ کے بل جا گرا ہے۔ اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالی کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔ تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار کی کامیابی موجودہ حکومت کے عوام دوست ایجنڈے کی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے عوام نے کرپٹ ٹولے کی منفی سیاست کو دفن کر دیا ہے۔ نتیجہ نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام تحریک انصاف کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہیں۔ ثابت ہو گیا ہے کہ عوام شفاف اور عوام کی خدمت کرنے والی مخلص قیادت کے ساتھ ہیں۔وزیراعلی نے کہا کہ تحریک انصاف کی اب تک کی شاندار کارکردگی کی بدولت سیالکوٹ کے عوام نے سرخرو کیا ہے۔ کامیابی نئے پاکستان اور تبدیلی کے ایجنڈے کی جیت ہے۔ امید ہے کہ احسن سلیم بریار حلقے کے عوام کی نمائندگی کا بھرپور حق ادا کریں گے۔ سیالکوٹ الیکشن میں شفافیت کا بول بالا ہوا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔