اسلام آباد (آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 16دسمبر 2014 کو طلبا اور اساتذہ کی قربانی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد کیا۔اسلام آباد سے جاری بیان میں اسپیکر سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ نے آرمی پبلک اسکول کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 16 دسمبر 2014 کو پیش آنے والا یہ دلخراش سانحہ قومی تاریخ کا سیاہ باب ہے۔انہوں نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعہ نے پوری قوم کو کرب اور دکھ میں مبتلا کیا۔ معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کا باعث بنیں۔سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ طلبا اور اساتذہ کی قربانی نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو متحد کیا۔ پارلیمان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون سازی کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرنے کیلیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کیلیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ اسپیکر نے آرمی پبلک اسکول کے معصوم شہدا کے والدین کے صبر اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا۔ڈپٹی اسپیکر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یادیں آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اے پی ایس کے معصوم طلبا اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو دہشت گردی کیخلاف یکجا کیا۔