بیجنگ (آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا اور اس دوران چینی کمپنیوں نے پنجاب میں 13ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں معاشی ترقی اور عالمی شراکت داری کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت ہوئی ہے اور مریم نواز کی میزبانی میں گزشتہ روز چین میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کے بعد چینی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔پنجاب سرمایہ کاری کانفرنس میں چینی کمپنیوں کے ساتھ آئی ٹی، ماحولیات اور گرین انرجی کے اہم معاہدے ہوئے جبکہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی کاوشوں سے گوبی پارٹنرز نے پنجاب میں 50ملین ڈالر (13ارب 87کروڑ 78لاکھ 60 ہزار روپے)کے سرمایہ کاری فنڈ کے قیام کا اعلان کیا۔چینی کمپنی سولر این پلس اور حکومت پنجاب کے درمیان سولرٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے ایم او یو پر دستخط ہوئے جبکہ گوبی پارٹنرز اور بینک آف پنجاب کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، گوبی فنڈ ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے فروغ کے لیے وقف ہوگا۔معاہدے کا مقصد پنجاب میں اسٹارٹ اپس اور ایس ایم ایز کے لیے مالیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔ گوبی فنڈ سے قرض کی فراہمی، ایکویٹی سرمایہ کاری، مالیاتی حل، اور رہنمائی پروگراموں کے ذریعے کاروبار کی مدد کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق گوبی فنڈ سے پنجاب میں کاروبار کو مضبوط کیا جائے گا اور خطے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جائے اور یہ پنجاب کو ایک پائیدار اور ڈیجیٹل معیشت کی جانب لے جائے گا، گوبی فنڈ پنجاب کو ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ میں علاقائی لیڈر بنانے کے لئے وقف ہوگا۔کانفرنس میں پنجاب کی سرمایہ کاروں کیلئے منفرد اقتصادی مراعات پر آگاہی دی گئی تھی، اعلامیے کے مطابق سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پنجاب نے علاقائی اور عالمی سطح پر معیار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ٹیکس چھوٹ، اسپیشل انڈسٹریل زونز، اور دیگر سہولتوں کی وجہ سے پنجاب سرمایہ کاری کیلئے مثالی ہے۔ کانفرنس میں پنجاب حکومت اور چینی کاروباری اداروں کے درمیان پائیدار اور طویل المدتی شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ چینی کمپنی پنجاب میں گرین انرجی کو فروغ دینے کے لیے شمسی توانائی کے جدید منصوبوں پر کام کرنے پر رضامند ہوگئی ہے۔سولر این پلس پنجاب میں سنٹر کے قیام،سٹڈی،کیپسٹی بلڈنگ، جدید سولر ٹیکنالوجی متعارف کرانے کے لئے کام کرے گی۔