Sunday, December 15, 2024
ہومپاکستانصدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا شرح سود میں5فیصد کمی کا مطالبہ

صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا شرح سود میں5فیصد کمی کا مطالبہ

اسلام آباد (سب نیوز)صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے شرح سود میں5فیصد کمی کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک مانیٹری پالیسی اجلاس میں شرح سود میں 500بیسس پوائنٹس کمی کا اعلان کرے ، ملک میں افراط زر کی شرح پانچ فیصد سے بھی کم پر آگئی ہے ،جو 78ماہ کی کم ترین سطح ہے، مہنگائی بڑھنے کی شرح میں نمایاں کمی کے بعد پالیسی ریٹ کوکم کر کے سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے ۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ جون 2024 کے بعد مسلسل چار اجلاسوں میں شرح سود میں سات فیصد کمی خوش آئند ہے ، زرمبادلہ ذخائر، کرنٹ اکاونٹ سرپلس ہونے کیساتھ ساتھ معاشی اشاریے مثبت ہیں، پالیسی ریٹ میں 500بیسس پوائنٹس کی کمی سے معاشی ترقی اور کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی۔عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ کاروباری سرگرمیوں میں اضافے سے برآمدات میں اضافہ ہوگا، روپے کی قدر مستحکم ہوگی ، حکومتی معاشی ٹیم کی بہترین پالیسیوں کے باعث معیشت بحران سے نکلنے میں کامیاب ہوئی،بزنس کمیونٹی معاشی بہتری کیلئے کئے گئے تمام حکومتی فیصلوں کی مکمل حمایت کرتی ہے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔