اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یونان میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری کی رپورٹ جلد ازجلد پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں۔ انسانی سمگلر ایک ایسا ظالم مافیا ہے جو غریب عوام کو جھوٹے اور سنہری خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔
وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ ایسے افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں تاکہ وہ ایسے قبیح فعل کو نہ دھرائیں۔ ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
یونان میں کشتی حادثہ، وزیر داخلہ کا پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یونان کے جنوبی جزیرے کے قریب کشتی الٹنے کے واقعہ میں پاکستانیوں کی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے غیرقانونی طور پر یورپ جانے والے پاکستانیوں کی کشتی حادثے میں اموات کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی۔
کمیٹی واقعےکی تحقیقات کرکے 5 روز میں رپورٹ وزیر داخلہ کو ارسال کرے گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہےکہ انسانی اسمگلنگ جرم ہے، مافیا کئی گھر اجاڑ چکا ہے، انسانی اسمگلنگ مافیا کےخلاف ایف آئی اے ملک گیر کارروائیاں کرے۔
واضح رہے کہ یونانی کوسٹ گارڈ کے مطابق بحیرہ روم میں جنوبی جزیرے گیوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے واقعے میں 39 تارکین وطن کو بچا لیا گیا جبکہ حادثے میں 40 افراد لاپتہ ہوگئے