دبئی : بگ کرکٹ لیگ کے افتتاحی میچ میں شاندار مقابلے کے بعد شیکھر دھون کی ناردرن چیلنجرز نے سریش رائنا کی سدرن اسپارٹنز کو ہائی اسکورنگ تھرلر میں 6 وکٹوں سے شکست دی۔چیلنجرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ اسپارٹنز نے مستحکم آغاز کیا اور سلومن مائر نے 28 گیندوں پر 47 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ فیض فضل کو صرف 9 رنز پر آؤٹ کرنے کے باوجود اسپارٹنز نے اپنے کپتان سریش رائنا کی بدولت شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے 27 گیندوں پر 49 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس کی مدد وکٹ کیپر بلے باز شریشتا نے 33 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔ڈیتھ اوورز میں امان خان (9 گیندوں پر 29) اور ابھیمنیو متھن (12 گیندوں پر 27) نے آتش بازی کی جس کی بدولت اسپارٹنز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔مشکل ہدف کے تعاقب میں ناردرن چیلنجرز نے اپنے کپتان شیکھر دھون کی بدولت شاندار آغاز کیا۔ نیپال پریمیئر لیگ میں اپنے کارناموں کے بعد دھون نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے 23 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے صرف 43 گیندوں پر 86 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔دھون کو گرکیرت سنگھ مان (14 گیندوں پر 31) اور بپل شرما نے 19 گیندوں پر 33 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ چیلنجرز نے ہدف کے تعاقب میں اپنی رفتار برقرار رکھی اور 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بناکر میچ اپنے نام کرلیا اس وقت میچ کی 8 گیندیں باقی تھی۔