Thursday, December 12, 2024
ہومبریکنگ نیوزآپ کے "فیض یاب" ہونے کا وقت گزر چکا: شیری رحمان کی سینٹ میں دھواں دار تقریر

آپ کے “فیض یاب” ہونے کا وقت گزر چکا: شیری رحمان کی سینٹ میں دھواں دار تقریر

اسلام آباد(آئی پی ایس ) سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی والے روز بیانیہ بدلتے ہیں، آپ کیفیض یابہونے کا وقت گزر چکا ہے، اب یہ کسی ناجائز طریقے سے “فیض یاب” نہیں ہو سکتے۔

سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کسی کو یاد ہے کہ پی ٹی آئی دور میں مخالفین کیخلاف کیسز بنائے گئے، ہم جلا گھیرا کو آزادی نہیں سمجھتے، ہم نے ایسی آزادی نہیں مانگی جو پی ٹی آئی والے مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سیل میں جو ہے، ہم نہیں ہٹانا چاہتے، اگر ہم آپ کے ساتھ ناانصافی کریں گے تو ہمارے ساتھ بھی ناانصافی ہوگی، آپ نے گالم گلوچ کا راج قائم کیا اور ڈنڈے لے کر چلتے ہیں، مذاکرات کے لیے یکطرفہ شرائط نہیں ہوسکتیں۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی دور حکومت میں لانگ مارچ کیا لیکن ایک گملا نہیں ٹوٹا، آپ کا لیڈر کہتا ہے میں ہوں تو سب کچھ ہے، آپ آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں تاکہ ملکی معیشت تباہ ہو، آپ کے پاس آنسو گیس کے شیل کہاں سے آئے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ریاست پر حملہ کیا، بنیادی حقوق کے معاملے پر پیپلز پارٹی کا نام نہ لیا جائے، ہم نے سیاسی تحمل سے کام لیا ہے، ایک طرف سول نافرمانی کی کال، دوسری طرف مذاکرات، کوئی بھی نہیں چاہتا کہ اسلام آباد کی سڑکوں پر احتجاج ہوں۔

شیری رحمان نے کہا کہ سنگجانی کی اجازت دی تو وہاں احتجاج کر لیتے، آپ نے دارالخلافہ میں تماشا کیا، پرتشدد احتجاج کی کسی طور اجازت نہیں ہونی چاہئے، آپ نے ریاست پر حملہ کیا، شواہد موجود ہیں، جمہور کے لیے لڑائی زہر کے پیالے پی کر کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کا استحکام اس وقت ایک نازک مرحلے پر ہے، پی ٹی آئی کو اپنے کیے پر معافی مانگنا پڑے گی، معافی آپ مانگیں، ہم سے کس منہ سے معافی منگوا رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔