ہومپاکستانمدارس بل پر بیشتر تجاویز سے متفق ہیں، مولانا فضل الرحمن کی بھی رائے لیں گے، عطا تارڑ

مدارس بل پر بیشتر تجاویز سے متفق ہیں، مولانا فضل الرحمن کی بھی رائے لیں گے، عطا تارڑ

اسلام آباد(آئی پی ایس )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ علما کرام کی تمام تجاویز پر مثبت انداز میں مشاورت کریں گے اور بہت سے نکات پر ہمارا اتفاق بھی ہے، مولانا فضل الرحمن ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور ان کی بھی تجاویز سنیں گے۔
مدارس کی رجسٹریشن اور اصلاحات کے حوالے سے علما و مشائخ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پاکستان کے تمام مکاتب فکر کی نمائندگی یہاں موجود ہے، ہم اس مسئلے کا ایسا حل چاہتے ہیں جو سب کو قابل قبول ہو۔انہوں نے کہا کہ مدارس بل کچھ قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے قانون کی شکل اختیار نہیں کر سکا، علما کرام کی تجاویز نوٹ کرلی ہیں اور ان تجاویز پر مشاورت کر کے اس کا حتمی حل نکالیں گے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے وسیع تر مشاورت کے بعد نظام وضع کیا گیا جس کا مقصد مدارس کو قومی دھارے میں لا کر ان سے جڑی منفی چیزوں کو ختم کرنا ہے، مدارس میں زیر تعلیم اور فارغ التحصیل طلبا کا نقصان نہیں ہونا چاہیے، 18 ہزار مدارس کی رجسٹریشن مذہبی تعلیم کے محکمہ کی کاوشوں کا ثمر ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، مدارس کی رجسٹریشن میں علما کرام کی کاوشیں بھی شامل ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزارت تعلیم کے زیر اہتمام مدارس کی رجسٹریشن کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں، مدرسے کے طالب علم اعلی تعلیم کے شعبوں میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ طلبا کو یکساں مواقع فراہم کر کے زندگی میں آگے بڑھنے کا موقع دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے حوالے سے معاملات کے لیے بھی ہم نے اپنا کردار ادا کرنا ہے، دہشت گردی کا مقابلہ اور اس حوالے سے آگاہی پیدا کرنا اشد ضروری ہے، اس حوالے سے ایک الگ نشست کا انعقاد کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔