اسلام آباد (آئی پی ایس)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق ان کی بہن علیمہ خان کے دعووں کو مسترد کر دیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میں چیئرمین تحریک انصاف سے سوال کیا گیا کہ علیمہ خان نے حکومت سے آپ کے مذاکرات کا ذکر کیا ہے؟ تو جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میرا 24نومبر یا اس سے قبل حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔پارٹی چیئرمین نے کہا کہ حکومت سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات پرکوئی بات نہیں ہوئی۔جب بیرسٹر گوہر سے سوال کیا گیا کہ علیمہ خان نے کہا کہ آپ نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے وقت بھی بتایا؟ تو بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ میں نے نہ تو رہائی سے متعلق کوئی بات کی نہ ذکر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کبھی بھی بانی پی ٹی آئی کی 20دن میں رہائی کاوعدہ نہیں کیا،دھرناختم کرنے کے بدلے بانی پی ٹی آئی کی 20دن میں رہائی کی بات غلط ہے۔واضح رہے کہ علیمہ خان نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ قافلے پہنچ گئے تو حکومت دبا و کا شکار ہو گئی تھی، حکومت نے دبا ومیں آکر بیرسٹر گوہرکو عمران خان سے ملاقات کیلئے جیل بھجوایا اور کہا تھا انہیں 20دن کے اندر رہا کر دیا جائے گا۔