پشاور(آئی پی ایس ) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپا وکا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی سول نافرمانی تحریک میں کامیاب نہیں ہوگی، سول نافرمانی کاطریقہ پہلے بھی انہوں نے اپنایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب شیرپا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی اور گورنرراج کے حق میں نہیں، تحریک انصاف خود ایسے حالات بنا رہی ہے کہ ان پر پابندی لگائی جائے۔سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے سوال پر سربراہ قومی وطن پارٹی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے پہلے بھی سول نافرمانی کاطریقہ اپنایاتھا،اس وقت بھی کامیاب نہیں ہوئی، پی ٹی آئی اب بھی سول نافرمانی تحریک میں کامیاب نہیں ہوگی۔ن کا کہنا تھا کہ ملک میں افراتفری اور انتشار پیدا کرنا ملک دشمنی ہے، تحریک انصاف اپنا کرداراسمبلیوں کے فلور پر ادا کرے، اس حدتک نہ جائیں کہ سول نافرمانی تحریک شروع ہو اور ترسیلات زرنہ آئیں۔سربراہ قومی وطن پارٹی نے کے پی کے حالات سے متعلق کہا کہ خیبرپختونخواکے خراب حالات کی ذمہ دار وفاقی اورصوبائی دونوں حکومتوں ہیں، صوبے میں امن وامان قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، وفاق صوبے میں پی ٹی آئی حکومت کے باعث کچھ نہیں کر رہا تو یہ بھی غلط ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کی صورتحال مزید خراب ہوئی تو اثرات ملکی معیشت اور دیگر حصوں پر بھی پڑیں گے، ملک میں سیاسی عدم استحکام اور انتشار میں کمی لانے کی ضرورت ہے، جب تک سیاسی انتشار رہے گا صوبے کے حالات بہترنہیں ہوسکتے۔قومی وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ میرانہیں خیال پی ٹی آئی کا کوئی نیا سربراہ ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی صرف بانی ہی ہے، تحریک انصاف ون مین شو ہے اور بانی کے علاوہ پی ٹی آئی میں کوئی جان نہیں ، پی ٹی آئی میں بانی کے سوا کسی اور میں پارٹی چلانے کی صلاحیت نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں صرف بانی کے ووٹ ہیں، بانی چاہے جیل میں ہو یا جہاں بھی ہو پارٹی وہی چلائے گا۔