Friday, December 27, 2024
ہومپاکستانمدارس بل پر حکومت اور جے یو آئی میں ڈیڈلاک برقرار،کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت

مدارس بل پر حکومت اور جے یو آئی میں ڈیڈلاک برقرار،کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت

اسلام آباد /پشاور (آئی پی ایس )جے یو آئی کی اسرائیل مردہ باد کانفرنس اتوار کو پشاور میں ہوگی، حکومت اور جے یو آئی میں مدارس بل پر ڈیڈلاک برقرار ہے، مولانا فضل الرحمان کانفرنس میں اسلام آباد مارچ کا اعلان کرسکتے ہیں۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق کانفرنس سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خصوصی خطاب کریں گے، کانفرنس کی تیاریاں مکمل ہیں جس میں صوبے بھر سے کارکنان شریک ہوں گے، کانفرنس میں عوام کی بھر پور شرکت فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہوگی۔

ترجمان نے کہا ہے کہ ہم کانفرنس میں فلسطین میں ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، کانفرنس میں دینی مدارس ایکٹ کے حوالے سے حکومتی بدنیتی کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا، ناجائز اور جعلی حکومت اب وعدہ خلافی اور دھوکا دہی بھی کررہی ہے جب کہ کانفرنس میں اسلام آباد کی طرف مارچ کے آپشن کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔کانفرنس سے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری، محمد اسلم غوری، مولانا امجد خان، مولانا اسعد محمود، انجینئر ضیا الرحمان، مولانا عطا الرحمان، مولانا عبدالواسع، مولانا عبد القیوم ہالیجوی، راشد سومرو، مولانا عطا الحق درویش، آغا محمود شاہ، حافظ نصیر احرار خطاب کریں گے۔

دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن بل کی منظوری کے معاملے میں حکومت اور جے یو آئی کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے، جے یو آئی نے معاملے پر سخت لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔مولانا فضل الرحمان پشاور کے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور امکان ہے کہ وہ اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کردیں۔دوسری طرف جنرل سیکرٹری جے یو آئی لاہور حافظ عبدالرحمان نے کارکنان کو اسلام آباد کے لیے تیار رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا ڈیڈلائن میں ایک روز باقی ہے۔جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے اسلام لاہور حافظ عبدالرحمان نے کہا کہ 8دسمبر کی ڈیڈلائن میں ایک روز باقی ہے، مدارس کی حفاظت،خودمختاری پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔حافظ عبدالرحمان نے کارکنان کو اسلام آباد کے لیے تیاررہنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا نے کال دی توکفن باندھ کر نکلیں گے، صدر نے مدارس بل پر دستخط نہ کرکے پارلیمنٹ کی توہین کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔