اسلام آباد(آئی پی ایس )وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ریاض میں ون واٹر سربراہی اجلاس کے موقع پر فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے ریاض میں ون واٹر سمٹ کی کامیاب مشترکہ میزبانی پر صدر میکرون کو مبارکباد دی۔
موسمیاتی تبدیلی اور ترقیاتی امور پر فرانس کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں صدر میکرون کی پاکستانی عوام کے لیے بھرپور حمایت کو سراہا۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اور فرانس کے مابین زراعت، لائیو سٹاک،انفارمیشن ٹیکنالوجی، پیشہ ورانہ مہارتوں میں ترقی اور پینے کے صاف پانی کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔دونوں رہنماوں نے پاکستان فرانس تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں بشمول سیاسی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی طور پر مفید اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانس کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع بالخصوص موسمیاتی موافقت اور قابل تجدید توانائی سے استفادہ حاصل کرنے کی دعوت دی۔دونوں رہنماوں نے باہمی دلچسپی کے تمام علاقائی اور عالمی مسائل کے حوالے سے روابط کو مزید فروغ دینے کی مشترکہ خواہش کا بھی اعادہ کیا۔
وزیراعظم کی فرانسیسی صدر سے ریاض میں ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔