Thursday, December 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزکراچی ایئرپورٹ خودکش حملہ کیس، سندھ حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی

کراچی ایئرپورٹ خودکش حملہ کیس، سندھ حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دیدی

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی ایئرپورٹ کے باہر چینی شہریوں پر حملہ میں ملوث ملزمان سے تفتیش کے لیے جوائنٹ انٹروگیشن ٹیم (جے آئی ٹی) قائم کردی ہے، حملے میں ملوث 2 ملزمان سے 8 رکنی ٹیم تفتیش کرے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے جے آئی ٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، ڈی آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ آصف اعجاز شیخ کی سربراہی میں جے آئی ٹی گرفتار ملزم محمد جاوید اور گل نسا سے تفتیش کرے گی۔

محکمہ داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق تینوں حساس اداروں ، رینجرز ، اسپیشل برانچ ، کراچی پولیس اور ایف آئی اے افسران جے آئی ٹی میں شامل ہوں گے۔

واضح رہے کہ کراچی ایئرپورٹ کے باہر ایک خودکش دھماکے میں 2 چینی شہریوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، اس حملے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے 2 ملزمان کو سندھ اور بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔

صوبائی حکومت کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جے آئی ٹی کسی بھی تحقیقاتی ادارے سے مدد لے سکتی ہے، جے آئی ٹی کو 15 روز میں دونوں ملزمان سے تفتیش مکمل کرتے ہوئے رپورٹ محکمہ داخلہ کو پیش کرنا ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔