Thursday, December 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزخواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کا ایک بڑا مسئلہ ہے،صدر مملکت

خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کا ایک بڑا مسئلہ ہے،صدر مملکت

اسلام آباد:صدر مملکت آصف علی زرداری نے خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے تشدد کی مختلف صورتوں کا سامنا کرنے والی دنیا بھر کی خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آج خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے اور تشدد کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ خواتین کو تعلیم اور ہنر کی فراہمی اور ان کی مالی خود مختاری یقینی بنانا ہوگی۔
صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کے حقوق بارے شعور بیدار کرنا اور تشدد کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد انسانی حقوق کا ایک بڑا مسئلہ ہے۔ تشدد سے عالمی سطح پر ہر 3 میں سے ایک خاتون متاثر ہوتی ہے۔ خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے فوری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تشدد سے ہر سال ہزاروں خواتین اپنی جانیں کھو بیٹھتی ہیں۔ خواتین کے خلاف تشدد کی روک تھام کے لیے حکمت ِعملی، نظام میں اصلاحات لانا ہوں گی۔ پاکستان خواتین کے خلاف تشدد کے مسئلے کے حل کے لیے پُر عزم ہے۔ سابق وزیرِاعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں۔شہید بینظیر بھٹو نے معاشی آزادی، سماجی مساوات اور تعلیم ِ نسواں پر زور دیا۔
صدر نے مزید کہا کہ شہید بینظیر بھٹو خواتین کے استحصال، بدسلوکی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کی خواہاں تھیں۔ خوشی ہے کہ پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے بامعنی کوششیں کر رہے ہیں۔ پاکستان میں خواتین کو جنسی تشدد اور کام کی جگہ پر ہراسیت سے بچانے کے لیے قوانین بنائے گئے ہیں۔ اجتماعی کوششوں سے خواتین کے لیے تشدد سے پاک اور محفوظ تر ماحول تشکیل دے سکتے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔