اسلام آباد (آئی پی ایس) پی ٹی آئی رہنما و سینئر قانون دان بابر اعوان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کسی سے ڈیل نہیں کریں گے نہ باہر جائیں گے، ہم عوام کے ووٹ کے ذریعے یہ جنگ جیت چکے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ 24 نومبر کا احتجاج فائنل احتجاج ہے، پاکستان کے آئین کے مطابق ہر شہری کا حق ہے کہ وہ اپنے مطالبات لے کر سڑک پر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ احتجاجی ریلی نکالے، ہر پارٹی شاہراہ دستور پر احتجاجی ریلی کرتی رہی ہیں، سرکاری ملازم کہتے ہیں اسلام آباد میں کسی کو داخل نہیں ہونے دیں گے، میں سرکاری ملازمین کو مشورہ دیتا ہوں کہ اپنی نوکری کرو۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ڈکیتیاں ہو رہی ہیں دیگر جرائم ہو رہے لیکن وہاں ان کی توجہ نہیں ہے، ہم نے حکومت کے سامنے تین مطالبات رکھے ہیں، 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف اور چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف اوربانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لئے ہمارا احتجاج ہے۔
بابر اعوان کاکہنا تھا کہ میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور تنظیموں کو کہنا چاہتا ہوں ہم اپنے حقوق کے لئے کسی کے سامنے سرینڈر نہیں کریں گے، اس وقت پاکستان میں لا اینڈ آرڈر اس حکومت کے قابو میں نہیں رہا، بانی پی ٹی آئی کسی سے ڈیل نہیں کریں گے نہ باہر جائیں گے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے، سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے واضح کیا ہے کہ احتجاج میں رہنماؤں کی کارکردگی کی بنیاد پر اگلے عام انتخابات میں پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔