اسلام آباد،وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ پیگاسس کا معاملہ پانامہ لیکس سے بھی بڑا ہے، پاکستان اس معاملے پر بھارت کے خلاف ایکشن لینے جارہا ہے۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسپائی ویئرکامعاملہ پانامہ سے بھی بڑا ہے، پاکستان نے پیگاسس کے ذریعے جاسوسی کی تحقیقات کا فیصلہ کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپائی ویئر جاسوسی کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی جانے والی کمیٹی میں سیکیورٹی اداروں اور دفتر خارجہ کے اعلی حکام شامل ہوں گے، جو معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لے کر شواہد اکھٹے کریں گے، جس میں دو سے تین ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جاسوسی کے معاملے پربھارت کیخلاف ایکشن لینے جارہا ہے کیونکہ یہ پانامہ لیکس کے بھی بڑا معاملہ ہے، وزیراعظم، ملٹری شخصیات سمیت اہم سینئر لوگوں کی جاسوسی کی گئی، جس کی پہلے بھی اطلاعات تھیں۔ مشیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسپائی ویئر کو پاکستان کیخلاف استعمال کیاگیا، بھارت نے اسرائیل کے ذریعے پیگاسس سوفٹ ویئر کے ذریعے ہائبرڈ جاسوسی کی، یہ ایک سنگین معاملہ ہے، جس کو ایسے ہی نہیں چھوڑا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے سائبرجاسوسی کے ذریعے پاکستان کی سلامتی پر حملہ کیا، پاکستان کیخلاف عالمی فورم پر لابی کی جاتی تھی، کچھ عرصہ پہلے ڈس انفولیب نے بھارت کا بھانڈا پھوڑا تھا۔ شہزاد اکبر نے کہا کہ بھارت نے سافٹ ویئرکا انتہائی غیرذمہ دارانہ استعمال کیا، ٹیکنالوجی سے10ممالک کے وزرائے اعظم کے فون کوٹارگٹ کیا گیا، فرانس نے اس معاملے پر تحقیقات شروع کر دی ہیں، پاکستان بھی جاسوسی کے معاملے پربھارت کے خلاف قانونی کارروائی کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان یہ معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھائے گا، تحقیقات کے نتائج سے اقوام متحدہ اور دوسرے اداروں کوبھی آگاہ کیا جائے گا، پاکستان اپنی سلامتی،خودمختاری کے تحفظ کیلئے ہر قانونی قدم اٹھائیگا۔
اسرائیلی سافٹ ویئرسے جاسوسی، پاکستان کا بھارت کیخلاف ایکشن کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
