Thursday, November 21, 2024
ہومپاکستاننان فائلرز اور ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، ایف بی آر نے ڈیٹا حاصل کرلیا

نان فائلرز اور ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ، ایف بی آر نے ڈیٹا حاصل کرلیا

اسلام آباد(آئی پی ایس )بڑے نان فائلرز اور ٹیکس چوروں کیخلاف ایف بی آر نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں ڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )نے بڑے نان فائلرزاور مبینہ ٹیکس چوری میں ملوث لوگوں کے خلاف کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایف بی آرنے ٹیکس بچانے کے لیے قابل ٹیکس آمدن کم ظاہر کرنے والے لوگوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا۔ چیئرمین ایف بی آر کی منظوری سے ان ٹیکس نادہندگان کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے ہوم ورک جاری ہے اور بڑے نان فائلرز اور قابل ٹیکس آمدن کم ظاہر کرنے والے لاکھوں لوگوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے۔نان فائلرز اور کم ٹیکس دینے والوں کا ڈیٹا فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ شیئر کیا جائے گا اور چیئرمین ایف بی آر کی منظوری سے ٹیکس نادہندگان کو نوٹسز جاری کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے قیمتی پراپرٹی، گاڑیوں، بینک بیلنس اور کریڈٹ کارڈز کے استعمال کی بنیاد پربھی ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں بیرون ملک سفر، صحت اور تعلیم کی مہنگی سہولیات کے استعمال کا ڈیٹا بھی اکھٹا کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا مزید کہناہے کہ ٹیکس چوروں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کیخلاف بھی کارروائی ہوگی۔واضح رہے کہ وزیراعظم ٹیکس نادہندگان کیخلاف ایکشن تیز کرنے کی پہلے ہی ہدایات جاری کر چکے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔