کراچی: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ علاقائی امن اور سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔
کراچی میں 4 روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیا 2024 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا بھر سے آئے مندوبین نمائش سے بہترین فائدہ اٹھا سکیں گے، دفاعی نمائش میں تکنیکی معاملات سمیت اپم امور پر غور ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت مثبت اشاریوں کی جانب گامزن ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو دنیا بھر میں امن کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ علاقائی امن، سماجی، اقتصادی ترقی کے لیے رابطوں کا فروغ ضروری ہے، پاکستان مذاکرات سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، پاکستان کی دفاعی صنعت فروغ پارہی ہے، پبلک پرائیویٹ سیکٹرز دفاعی پیداوار میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، دفاعی ضروریات کی برآمدات سے معیشت مضبوط ہوگی۔