اسلام آباد(آئی پی ایس )اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے سپین کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں انسداد دہشت گردی، انسانی حقوق، عالمی امن اور موسمیاتی تبدیلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور سپین کے تعلقات باہمی احترام اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، پاکستان اور سپین کے درمیان زراعت، ٹیکنالوجی، تجارت اور سیاحت میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، پارلیمانی سفارت کاری سے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ انسداد دہشتگردی اور موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ضروری ہے، عالمی امن کے لئے مذاکرات کو جنگوں پر فوقیت دینی ہوگی، اقوام عالم کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر فوری توجہ دے۔
سپین کے وفد نے پرتپاک استقبال پر پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا، وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپین پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تصور کرتا ہے، سپین کے وفد نے پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروسز کے کورسز اپنے ملک میں متعارف کروانے کی خواہش ظاہر کی۔سپیکر قومی اسمبلی نے سپین کے وفد کو شیلڈز پیش کیں، ملاقات میں رکن قومی اسمبلی، کنوینر پاک سپین فرینڈ شپ گروپ سید علی موسی گیلانی، سپین کے سفیر اور پاکستانی سفیر ظہور احمد بھی شریک تھے۔