لاہور (آئی پی ایس )استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا ہے کہ جب حکومت ترقی کی جانب گامزن ہوتی ہے تو کچھ عناصر ملک کو ترقی کرتا ہوا نہیں دیکھ سکتے، کچھ عناصر اسلام آباد پر یلغار کرنے کا اعلان کررہے ہیں وہ کہتے ہیں کہ حقیقی آزادی لیکر جائیں گے،یہ اپنے ملک میں ہی انارکی پھیلا رہے ہیں، یہ اپنے بچوں کو کیوں آگے نہیں لاتے؟ آپ سب سے پہلے اپنے بچوں کو آگے رکھیں پھر کے پی کے کے بچوں کو آگے لائیں، ملک دشمن عناصرجلاو گھیراو کی فضا قائم کرکے عدم استحکام پیداکرنا چاہتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور پائیدار ترقی کے لیے معاشی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے لیکن جب سیاسی و معاشی استحکام آتا ہے ملک دشمن عناصر جلا گھیرا کی فضا پیدا کردیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کچھ عناصر اسلام آباد میں بار بار یلغار کی کوشش کرتے ہیں، اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کرنے والے ہوش کے ناخن لیں، کیا 9مئی کے جلاو گھیراو میں ملوث افراد محب وطن ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، ملک میں ایسی مستحکم حکومت ہے جو دن رات یہ کوشش کررہی ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی استحکام آئے، مگر کچھ ایسے عناصر ہیں جو ہر کچھ عرصے بعد اسلام آباد پر یلغار کرنے کا اعلان کردیتے ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ کیامدینہ کی ریاست میں ہماری اخلاقیات پر کوئی بات نہیں ہوسکتی؟ کیا مدینہ کی ریاست کی بات کرنے والوں نے بدتہذیبی اور بدتمیزی کو فروغ نہیں دیا؟ آج نفرت کی ایسی فضا پیدا کی جارہی ہے جو کسی قوم کے لیے سب سے خطرناک ہوتی ہے، کیا مدینہ کی ریاست یہ تھی، ہمارے لیڈر تو نبی کریم ہیں، جنہوں نے فرمایا کہ بہترین انسان وہ ہے جس کا اخلاق سب سے اچھا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کیا اخلاقیات کے فرائض پورے کیے جارہے ہیں؟ میڈیا پر ہر کسی کی بے عزتی کی جاتی ہے، عوام کے آگے جھوٹے حقائق پیش کرتے ہیں، کیا ہمیں اللہ کو جواب نہیں دینا، کیا ہمیں اپنی موت یاد نہیں آتی ؟ ہمیں سب سے پہلے اپنے ملک کا سوچنا ہے پھر اپنی ذات کا سوچنا ہے، ملک ہے تو ہم بحیثیت پاکستانی آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں، ہمیں اپنی آزاد ریاست کی اہمیت کوجاننا ہے، آزاد ریاست اللہ بہت بڑی نعمت ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک جماعت اعلان کرتی ہے کہ ہم فلاں تاریخ کو اسلام آباد پر حملہ کردیں گے اور حقیقی آزادی لیں گے، کیا آپ کی حقیقی آزادی ایک شخص پر منحصر ہے؟ کیا بچوں کو سڑکوں پر لانے سے حقیقی آزادی ملے گی؟انہوں نے خیبرپختونخوا کی عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ملک دشمن عناصر کے ہاتھوں استعمال مت ہوں۔عون چوہدری نے سابق خاتون اول بشری بی بی کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ پردے کے پیچھے بیٹھ کر آپ پر حکم فرما رہے ہیں کہ جو رکن اسمبلی اتنے لوگ لے کر حملہ آور نہیں ہوگا، وہ اس جماعت میں نہیں رہے گا، آپ اپنے ہی ملک میں انارکی پھیلانے کے لیے ایک دوسرے پر حکم چلا رہے ہیں، آپ سب سے پہلے اپنے بچوں کو آگے لے کر آئیں پھر خیبرپختونخوا کے غیور عوام کے بچوں کو آگے لائیں۔