Thursday, December 26, 2024
ہومپاکستانبلوچستان حکومت کا دہشتگردی، جرائم ، بھتہ خوری اور اسمگلنگ کے تدارک کیلئے اقدامات موثر بنانے کا فیصلہ

بلوچستان حکومت کا دہشتگردی، جرائم ، بھتہ خوری اور اسمگلنگ کے تدارک کیلئے اقدامات موثر بنانے کا فیصلہ

کوئٹہ (آئی پی ایس )بلوچستان حکومت نے دہشت گردی، جرائم ، بھتہ خوری اور اسمگلنگ کے تدارک کے لئے اقدامات کو موثر بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی ایکشن پلان کی تشکیل سے متعلق اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی، جرائم ، بھتہ خوری اور اسمگلنگ کے تدارک کے لئے اقدامات کو موثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیر اعلی نے ہدایت دی کہ دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کیلئے ٹھوس حکمت عملی وضع کی جائے۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گورننس کی بہتری اور بحالی امن کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔
وزیر اعلی نے صوبائی ایکشن پلان کو موثر بنانے کیلئے مجوزہ حکمت عملی میں جدید ٹیکنالوجی کو شامل رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور جرائم سے نمٹنے کیلئے فورسز کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، تفتیش کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کر کے جرائم کی تہہ تک پہنچنا ضروری ہے۔سرفراز بگٹی نے جرائم پیشہ افراد کی پروفائلنگ کر کے ان پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مجرموں،ملزموں اور مشتبہ افراد سے متعلق معلومات کیلئے تمام سیکورٹی ادارے مربوط اقدامات کو یقینی بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فورسز کو درکار وسائل فراہم کریں گے، اہداف کے حصول کیلئے خاطر خواہ نتائج چاہتے ہیں، بلوچستان میں بحالی امن پہلی ترجیح، پائیدار ترقی امن سے مشروط ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی ایکشن پلان کے ثمرات امن کی صورت میں بتدریج سامنے آئیں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔