Monday, February 23, 2026
ہومپاکستانعیدقربان پر بسیار خوری لاہوریوں کو مہنگی پڑگئی،ہزاروں افرادہسپتال پہنچ گئے

عیدقربان پر بسیار خوری لاہوریوں کو مہنگی پڑگئی،ہزاروں افرادہسپتال پہنچ گئے

لاہور،عید الاضحی ٰ پر بسیار خوری لاہوریوں کو مہنگی پڑگئی ، 7ہزار سے زائد شہری بسیار خوری کی وجہ سے مختلف ہسپتالوں میں پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق عید قرباں پر ہر گھر میں چٹ پٹے مصالحے دار مختلف اقسام کی گوشت کے پکوان تیار کی جاتی ہیں اورخصوصی طور پردعوتوں پررشتہ داروں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ عام طور پر لوگ عید کے موقع پر معمول سے ہٹ کر نہ صرف مختلف قسم کے چٹ پٹے پکوان شوق سے کھاتے ہیں بلکہ اپنی روٹین سے زیادہ بھی کھاتے ہیں۔ مرغن غذا کے ساتھ کولڈ ڈرنکس کا بھی بے جا استعمال کیا جاتا ہے جو کہ گیسٹرو اور معدے کے انفیکشن کا باعث بنتا ہے۔لاہور شہر کے رہنے والوں نے جہاں عید قرباں کامزہ اٹھایا وہیں شہر کے مختلف ہسپتالوں میں گیسٹرو اور معدے کی انفیکشن کے7ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔جی این این کے مطابق شہر کے 5 سرکاری ہسپتالوں میں اب تک 7 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ گیسٹرو کے ہزاروں مریض ہسپتالوں میں رپورٹ ہی نہیں ہوئے ہیں۔ میو ہسپتال ، سروسز ،جناح ،گنگارام اور جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں سب سے زیادہ مریض رپورٹ ہوئے۔میو ہسپتال کی ایمرجنسی میں کل رات سے 1900 سے زائد مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں گذشتہ رات سے اب تک 18 سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ جناح ہسپتال کی ایمرجنسی میں میں اب تک تقریباً 16 سو سے زائد ،گنگارام ہسپتال میں اب تک 13 سو سے زائد جبکہ جنرل ہسپتال میں اب تک تقریباً 11 سو مریض رپورٹ ہو چکے ہیں۔اس حوالے سے طبی ماہرین کاکہناہے کہ کھانے میں بے احتیاطی ہائی بلڈ پریشر اور دل کے مریضوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے ، بسیار خوری ڈائریا، گیسٹرو سمیت ہائی بلڈ پریشر اور اسٹروک (فالج) کا سبب بنتی ہے۔طبی ماہرین کے مطابق عید قرباں پر گوشت ضرور کھائیں لیکن احتیاطی تدابیر کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔