Thursday, December 26, 2024
ہومبریکنگ نیوزملک دشمنی اور پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے والے پارٹی میں ہی موجود ہیں، شیر افضل مروت

ملک دشمنی اور پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے والے پارٹی میں ہی موجود ہیں، شیر افضل مروت

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان پر عدت کیس ڈیجیٹل ایڈونچررز کے اس ایڈونچر کا نتیجہ ہے جنہوں نے باہر بیٹھ کر جرنیلوں کی کردار کشی کی اور اسکینڈل نکالا تھا۔ یہ اسی کا خمیازہ تھا جو ہمیں بھگتنا پڑا، ہم نے کبھی ان کو اختیار نہیں دیا کہ پی ٹی آئی کے نام پہ اداروں کو گالیاں دیں۔

ایک انٹرویو میں شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں کبھی کبھار سوچتا ہوں کہ پی ڈی ایم اور ان کے سہولت کاروں نے تمام مقاصد حاصل کر لیے لیکن انہوں نے جو ظلم ہمارے ساتھ کیا وہ حد درجہ زیادہ ہے۔ یہ کیوں کیا گیا؟ یہ سزا ہمیں ڈیجیٹل میڈیا پر بیٹھے لوگوں کی زیادتیوں کی وجہ سے ملی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک دشمنی اور پی ٹی آئی کو نقصان پہنچانے والے پی ٹی آئی میں ہی موجود ہیں۔ وہ لوگ ننگِ ملت اور ننگِ قوم ہیں، وہ بھگوڑے ہیں۔ ان کا پیغام پھیلانا ملک دشمنی ہی نہیں پارٹی سے بھی دشمنی ہے۔ راجا اور مہدی نامی وی لاگرز ڈسمس شدہ فوجی ہیں، انہوں نے پارٹی کو بہت نقصان پہنچایا۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی تصویر دکھا کر پیسے بناتے ہیں۔ پارٹی ورکرز ان بد بختوں کو پہچان لیں۔ انہوں نے 9 مئی کو بھی لوگوں کو ورغلایا کہ فوج کے دستے پی ٹی آئی کی حمایت میں نکل آئے ہیں۔ یہی نہیں پارٹی رہنما بھی ان کی سہولتکاری کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوتی ہے اور خبر ان تک پہنچ جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بے شک ہمارے گریبانوں پر ہاتھ ڈلتے ہیں لیکن ہم کسی کو گالیاں نہیں دیتے۔ ہم اداروں کو گالیا ں نہیں دیتے اور جولوگ گالیاں دیتے ہیں ان کا غصّہ پارٹی، ورکرز اور ہم پر اترتا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔