Thursday, December 26, 2024
ہومپاکستانوزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیل مل بحال کرانے کیلئے روس سے مدد طلب کر لی

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیل مل بحال کرانے کیلئے روس سے مدد طلب کر لی

کراچی(آئی پی ایس ) وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے اسٹیل مل کو بطور منافع بخش ادارہ بحال کرنے کے لیے روس سے مدد طلب کر لی۔
وزیراعلی سندھ سے روس کے سفیر البرٹ خوریف نے کراچی میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ روسی قونصل جنرل سے اچھے رابطے ہیں۔ روس سے تعلقات بہتر سے بہتر اور مستحکم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ صحت، تعلیم اور ثقافت پر تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں روس نے کراچی میں اسٹیل مل لگائی تھی۔ اور ہم چاہتے ہیں کہ اسٹیل مل کو دوبارہ بحال کروائیں۔ جس کے لیے روسی سفارتخانہ مدد کرے۔اس موقع پر روس کے سفیر نے کہا کہ اگلے ہفتے روس اور پاکستان کے ماہرین آن لائن اسٹیل مل کی بحالی پر تبادلہ خیال کریں گے۔ آن لائن تبادلہ خیال کے بعد روس کے وفد اسٹیل مل کا دورہ کرے گا۔
وزیر اعلی سندھ نے تجویز دی کہ اسٹیل مل کا نیا پلانٹ لگایا جائے تو بہتر ہوگا۔ اسٹیل مل چلنے سے معیشت کا استحکام ہو گا اور روزگار بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیل مل سندھ کی عوام کو شہید بھٹو کا تحفہ ہے۔ جس کو ہم چلانا چاہتے ہیں۔ اسٹیل مل کے ملازمین جو بہت پریشان ہیں ان کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی سندھ اور روس کے سفیر کا دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ترجمان وزیر اعلی سندھ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات کے دوران روسی الیکٹرک بسیں کراچی میں لانے پر بات چیت کی گئی۔بیان کے مطابق وزیراعلی سندھ نے روسی کمپنیوں کے ساتھ ڈپلومیٹ چینل کے ذریعے بات چیت آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ روسی سفیر البرٹ خوریف نے کہا کہ روسی حکومت سندھ میں کلچرل سینٹر قائم کر کے ثقافتی ورثہ بڑھانا چاہتی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔