برکلے، کیلی فورنیا (آئی پی ایس )امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا یونیورسٹی برکلے کے شعبہ ایتھنک سٹڈیز میں پاکستان امریکہ تعلقات میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کے موضوع پر گفتگو کی۔ تقریب میں فیکلٹی اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں پاک امریکہ تعلقات خصوصا ان دوطرفہ تعلقات میں پاکستانی-امریکی کمیونٹی کے کردار پر توجہ مرکوز کی گئی۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے حالیہ سالوں میں پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے ہونے والی اہم پیش رفتوں کو اجاگر کیا اور اس حوالے سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری، اعلی تعلیم، صحت، سائنس اور ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی استحکام میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے حکومت کی ترجیحات کو اجاگر کیا۔ انہو ں نے تاریخی تناظر میں اس دوطرفہ تعلقات کی تزویراتی نوعیت اور امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی تارکین وطن کے اہم کردار خصوصا کمیونٹی کی امریکی اداروں، پالیسی سازوں، میڈیا اور کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ فعال مشغولیت کو اجاگر کیا ۔
سفیر پاکستان نے عوامی سطح پر روابط بڑھانے اور تعلیمی، اقتصادی اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے میں پاکستانی امریکی کمیونٹی کے اہم کردار پر بھی زور دیا جو کہ ایک پل کی مانند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کمیونٹی جو کہ دونوں ممالک میں اپنا مستحکم مقام رکھتی ہے ، دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے منفرد کردار کی حامل ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی، صحت اور کاروبار سمیت مختلف شعبوں میں پاکستانی نژاد امریکیوں کی اہم شراکت اور پاکستان اور امریکہ کے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے میں کمیونٹی کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
امریکہ اور چین کے درمیان سفارتی پل کے طور پر پاکستان کے تاریخی کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دونوں ممالک کے درمیان اب ایک اقتصادی پل کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے جس سے ان دو بڑی معیشتوں کے درمیان گہرے روابط کو فروغ ملے گا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان گہرے افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط سفارت خانے کی جاری کوششوں کا ایک اہم جز ہے۔ یہ کوششیں ثقافتی، تعلیمی اور سیاسی شعبوں میں لوگوں کو قریب لانے میں کمیونٹی کے اہم کردار کواجاگرکرتی ہیں۔
