Wednesday, October 30, 2024
ہومبریکنگ نیوزسات ماہ میں منصوبے فائلوں سے نہیں نکلتے، ہم نے کینسر ہسپتال پر کام شروع کردیا، مریم نواز

سات ماہ میں منصوبے فائلوں سے نہیں نکلتے، ہم نے کینسر ہسپتال پر کام شروع کردیا، مریم نواز

لاہور (آئی پی ایس )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 7 ماہ میں منصوبے فائلوں سے نہیں نکلتے، ہم نے کینسر ہسپتال پر کام شروع کردیا، نواز شریف کینسر ہسپتال میں کینسر کی ہر اسٹیج کے مریض کا علاج کیا جائے گا۔لاہور میں نواز شریف کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے مزید کہا کہ میری ٹیم کو یہ فکر تھی کہ 55 ارب روپے کا یہ منصوبہ بن تو جائے گا لیکن یہ چلے گا کیسے، یہ علاج بہت مہنگا ہے؟

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی ٹیم کو یہ بات کہہ کر راضی کیا کہ اگر صوبے کے پاس پیسہ ہے اور عوام کینسر سے مررہی ہے اور ان کے پاس کوئی سرکاری اسپتال نہیں ہے تو یہ پیسہ کسی کام کا نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ فلاحی ریاست ایک ماں کی طرح ہوتی ہے، ماں کے کسی بچے کو کوئی تکلیف ہوجائے تو وہ یہ نہیں دیکھتی کہ پیسہ زیادہ لگے گا یا کم، اس کے پاس جو کچھ ہوتا ہے وہ بیچ کر پیسے جمع کرتی ہے اور اپنے بچے پر لگاتی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لوگ یہ سوال پوچھتے ہیں کہ کینسر ہسپتال کا نام نواز شریف کے نام پر کیوں رکھا؟ عوام کے پیسے سے ہسپتال بنارہے ہیں تو اس پر نوازشریف کا نام کیوں رکھا؟۔انہوں نے کہاکہ میں بڑے ادب سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ پیسہ تو ہر حکومت اور ہر وزیراعلی کے پاس تھا تو اس وزیراعلی نے کبھی یہ تکلیف کیوں نہیں کی؟۔

انہوں نے کہاکہ ہر حکومت کے پاس پیسہ ہے، اپنی اپنی ترجیحات ہیں، اگر نواز شریف، میری اور شہبازشریف کی ترجیحات عوام کی خدمت ہے تو پھر وہ تین مرتبہ کا وزیر اعظم ہے کہ یہ اس کا حق بنتا ہے کہ یہ منصوبہ اس کے نام پر ہو، جہاں نواز شریف کا نام آتا ہے وہاں لوگ آنکھیں بند کرکے اس پر اعتماد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ میری حکومت کو 7 ماہ ہوئے ہیں، 7 ماہ میں منصوبے فائلوں اور کاغذوں سے ہی نہیں نکلتے لیکن پاکستان میں عالمی معیار کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال ہے جس پر 7 ماہ کے اندر کام شروع ہوچکا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہاکہ 54 ارب روپے کا یہ کینسر ریسرچ ہسپتال 2 مراحل میں 3 سال کے عرصے میں مکمل ہونا تھا، مگر میں نے حکم دیا ہے کہ منصوبے کا پہلا مرحلہ 12 ماہ کے اندر اکتوبر 2025 اور دوسرا مرحلہ دو سال کے اندر مکمل کیا جائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔