اسلام آباد(سب نیوز )ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے حوالے سے ابھی کامیابی نہیں ہوئی ۔ چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کو پاکستان کے لیے چین کا “شاندار تحفہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس منصوبے کو مزید ترقی دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ زراعت، صنعتی ترقی، قابل تجدید توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو بڑھایا جا سکے۔
وزیر خارجہ اسحق ڈار نے بین الاقوامی کانفرنس “چین 75: ترقی، تبدیلی اور عالمی قیادت کا سفر” میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنا کر لوڈشیڈنگ کے مسائل پر قابو پانے میں مدد دی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت چین کی جانب سے زرعی ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے 1000 پاکستانی طلبا کو چین بھیجنے کی پیشکش کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کے مسائل کے حل میں چین کے تعاون کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ون چائنا پالیسی کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی قیادت اور عوام کی محنت کی بدولت چین جلد ہی دنیا کی سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔