Monday, February 16, 2026
ہومبریکنگ نیوزجسٹس یحیی آفریدی 26 اکتوبر کو حلف اٹھائیں گے،صدر مملکت کی منظوری اور ان کی رضامندی کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہوگا

جسٹس یحیی آفریدی 26 اکتوبر کو حلف اٹھائیں گے،صدر مملکت کی منظوری اور ان کی رضامندی کے بعد نوٹیفکیشن جاری ہوگا

اسلام آباد (سب نیوز )چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے قائم پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحیی آفریدی کو ملک کا نیا چیف جسٹس بنانے کی سفارش کردی ہے۔منگل کو کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہا ئو س اسلام آباد میں ہوا جس کو سپریم کورٹ کے تین سینیئر ترین ججوں کے نام اور ان کے کوائف پر غور کیا گیا۔

وزارت قانون نے جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر اور جسٹس یحیی آفریدی کے بارے میں تفصیلات کمیٹی کو بھجوائی تھیں۔ کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے جسٹس یحیی افریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان تعینات کرنے کی سفارش کی۔
مزید پڑھیں

اس حوالے سے سینٹر اعظم نذیر تارڑ نے کمیٹی نے دو تہائی اکثریت سے جسٹس یحیی افریدی کا نام منظور کر کے ایڈوائس وزیراعظم شہباز شریف کو بھیج دی ہے۔ کمیٹی میں مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، شائستہ پرویز ملک اور اعظم نذیر تارڑ میں شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر اور فاروق نائیک موجود تھے جبکہ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضی اور ایم کیو ایم کی رعنا انصار نے اجلاس میں شرکت کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر صاحبزادہ حامد رضا اور بیرسٹر علی ظفر نے کمیٹی اجلاس کا بائیکاٹ کیا اور اجلاس میں شرکت کے لیے نہیں آئے۔خیال رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کی روشنی میں حکومت چیف جسٹس کی مدت ملازمت ختم ہونے کے تین دن پہلے نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کی پابند ہے۔ تین دنوں کی شرط صرف اب کی دفعہ کے لیے ہے جبکہ مستقبل میں یہ تعیناتی پندرہ روز قبل عمل میں لانا لازمی ہے۔

کمیٹی کی جانب سے چیف جسٹس کے نام کی سفارش کیے جانے کے بعد نام وزیراعظم شہباز شریف کو بھیجا جائے گا جو ایڈوائس کی صورت میں صدر مملکت کو بھیجیں گے۔صدر مملکت کی جانب سے ایڈوائس پر دستخط کیے جانے کے بعد وزارت قانون کی جانب سے نئے چیف جسٹس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

نئے چیف جسٹس 26 اکتوبر کو ایوان صدر میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اگر نامزد کیے گئے چیف جسٹس اپنا عہدہ سنبھالنے سے انکار کرتے ہیں تو ایسی صورت میں کمیٹی پہلے سے موجود دو سینیئر ترین ججوں کے بعد چوتھے نمبر پر موجود سینیئر جج کا نام بھی شامل کرے گی اور نئے سرے سے اس پینل پر غور کیا جائے گا۔ اسی طریقہ کار سے گزرتے ہوئے کمیٹی نئے چیف جسٹس کا نام فائنل کر کے اپنی سفارش وزیراعظم کو بھیجے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔