اسلام آباد (سب نیوز )ملک کے ایوان بالا (سینیٹ) کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے کے باعث بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردیا گیا۔جیسے ہی اجلاس شروع ہوا تو وفاقی وزرا کی سینیٹ میں عدم موجودگی کے باعث اسے 20 منٹ کے لیے ملتوی کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے سینیٹر سلیم مانڈی والا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہوا کہ کوئی وفاقی وزیر سوالات کے جوابات دینے کے لیے نہیں موجود ہے۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ سینیٹ سیکریٹریٹ نوٹس لے کہ کوئی وزیر ابھی تک ایوان میں کیوں نہیں پہنچا۔
20 منٹ کے وقفے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع تو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر احمد خان نے ہاس میں کورم پورا نہ ہونے کی نشاندہی کی، سینیٹ میں کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس جمعے کی صبح 10 بج کر 30 منٹ تک ملتوی کردیا گیا۔
واضح رہے کہ سینیٹ سیکرٹریٹ نے آج کے اجلاس کا 4 نکاتی ایجنڈا جاری کیا تھا، اجلاس میں وزیر آبی توانائی کو انڈس واٹر ٹریٹی پر دوبارہ بات چیت سے متعلق توجہ دلا نوٹس ایجنڈے میں شامل تھا جب کہ صدارتی خطاب پر تشکر کی تحریک بھی ایجنڈا کا حصہ تھی۔
