کراچی،سابق صدرمملکت ممنون حسین انتقال کرگئے ،ممنون حسین کینسر کے عارضے میں مبتلا اور دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔تفصیلات کے مطابق سابق صدر ممنون حسین علالت کے باعث انتقال کرگئے۔
سابق صدر کے بیٹے ارسلان ممنون نے ان کے انتقال کی تصدیق کر دی اور بتایا کہ ممنون حسین دو ہفتوں سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ان کا کہنا تھاکہ والد کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے اور آج خالق حقیقی سے جاملے۔واضح رہے کہ ممنون حسین کا شمار مسلم لیگ (ن) کے سنیئر ترین اراکین میں ہوتا ہے ، وہ 2013 سے 2018تک پاکستان کے صدر کے عہدے پر فائز رہے ۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان ، صدر مملکت عارف علوی سمیت ملکی سیاسی رہنمائوں نے ممنون حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے مرحوم کے اہلخانہ کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔
