Wednesday, December 24, 2025
ہومٹاپ سٹوریایران نے اسرائیل پر حملہ کر کے بہت بڑی غلطی کی، خمیازہ بھگتنا پڑے گا: نیتن یاہو

ایران نے اسرائیل پر حملہ کر کے بہت بڑی غلطی کی، خمیازہ بھگتنا پڑے گا: نیتن یاہو

تل ابیب: ایران نے گزشتہ روز اسرائیل پر تقریباً 180 میزائلوں سے حملہ کیا، جس پر اسرائیلی وزیراعظم نے دھمکی دی ہے کہ ایران نے میزائل حملے کرکے بڑی غلطی کی ہے جس کا اسے خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق، گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر بڑا میزائل حملہ کیا، جس کے باعث تقریباً ایک کروڑ اسرائیلی شہری پناہ گاہوں میں چھپنے پر مجبور ہوگئے۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکوں کی آوازیں مقبوضہ بیت المقدس سمیت ملک بھر میں سنی گئیں تاہم ان حملوں میں ایک فلسطینی شہری ہلاک جبکہ 2 اسرائیلی شہری زخمی ہوئے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل پر حملے میں ایران نے پہلی مرتبہ اپنا ہائپر سونک میزائل ’فتح‘ استعمال کیا ہے۔
ایرانی حملے کے تناظر میں منعقدہ کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران نے اسرائیل پر رات کے وقت سینکڑوں میزائل برسائے لیکن دنیا کے سب سے جدید ائیر ڈیفنس سسٹم کی بدولت ایران کا حملہ ناکام ہوا۔ نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج اور شہریوں کو حملے کی ناکامی پر مبارکباد پیش کی جبکہ ایرانی حملہ ناکام بنانے میں مدد کرنے پر امریکا کا بھی شکریہ ادا کیا۔
برطانوی خبررساں ایجسنی کے مطابق اسرائیل پر میزائل حملوں کا حکم ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے دیا اور کہا کہ اسرائیل پرمیزائل داغے جانے کے بعد ایران کسی بھی جوابی کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے حکم کے بعد ایران نے اسرائیل پر ڈرون اور کروز میزائل بھی داغ دیے ہیں، جس کے بعد مشرق وسطیٰ میں ایک نئی صورت حال پیدا ہو گئی ہے، ترک اور دیگر عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے داغے جانے والے میزائل حملوں کے بعد اسرائیل میں سائرن بج اٹھے ۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔