بیجنگ ، چین میں 24 سال قبل اغوا ہونے والا بیٹا باپ سے مل گیا، باپ نے بیٹے کو تلاش کرنے کے لیے چین میں موٹر سائیکل پر پانچ لاکھ کلو میٹر سفر کیا اور ہر جگہ اسے تلاش کیا جہاں انہیں اپنے بیٹے کی موجودگی کی اطلاع ملی۔غیر ملکی میڈیارپورٹ کے مطابق گو گینگ تانگ کے بیٹے کو 1997 میں صوبہ شینڈوک کے مشرق میں واقع ان کے گھر کے سامنے سے اغوا کیا گیا، جب ان کی عمر صرف 2 سال 5 ماہ تھی۔بچہ گھر کے باہر تنہا کھیل رہا تھا، اسمگلرز نے بچے کو اٹھایا اور اسے وسطی چین میں ایک خاندان کو فروخت کردیا۔کئی سالوں کی تلاش کے بعد پولیس نے گو کو بتایا کہ وسطی ہنان صوبے میں ایک 26 سالہ استاد کا ڈی این اے ان سے میچ ہو رہا ہے، جو کہ گو کا کھویا ہوا بیٹا ہے۔خاندان کے دوبارہ ملنے کی تصویر وزارت عوامی تحفظ کے دفتر نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر جاری کی جس میں گو کو طویل عرصے بعد اپنے بیٹے گو زیہن سے ملاقات کے وقت سسکتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ ان کی بیوی اپنے بچے کو گلے لگاتی ہوئی نظر آئیں۔ویڈیو بیان میں گو اشک بار نظر آئے اور انہوں نے کہا کہ اب میرا بیٹا مل گیا ہے، اب سے میرے لیے ہر چیز خوشی کا باعث ہوگی۔بیٹے کے اغوا کے وقت گو کی عمر 27 سال تھی اور انہوں نے اس وقت ملازمت چھوڑ کر موٹر سائیکل پر ایک بڑے جھنڈے پر ان کے بیٹے کی تصویر لگا کر پورے ملک میں ان کو تلاش کرنا شروع کردیا تھا۔1997 میں بیٹے کے اغوا کے بعد گوو نے اس کی تلاش میں موٹر سائیکل پر ملک کے 20 سے زیادہ صوبوں کا سفر کیا۔اس دوران کئی مرتبہ ٹریفک حادثات میں ان کی ہڈیاں ٹوٹیں اور کئی شاہراہوں پر ڈاکوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ اس کے علاوہ ان کی دس موٹر سائیکلیں بھی ٹوٹ گئیں۔بیٹے کی تصویر والے بینر لٹکائے، اس کی تلاش میں گوو گنگ تینگ نے اپنی ساری جمع پونجی خرچ کر ڈالی، اور جب پیسے ختم ہو گئے تو انھیں بھیک مانگتے اور پلوں کے نیچے سوتے دیکھا گیا۔اس دوران وہ چین میں لاپتہ افراد کے لیے بنائی تنظیموں کے ایک ممتاز ممبر بھی بن گئے اور کم از کم سات والدین کو ان کے اغوا کیے گئے بچوں کے ساتھ دوبارہ ملانے میں مدد دی۔
چین میں 24 سال قبل اغوا ہونے والا بیٹا باپ سے مل گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
