Thursday, September 19, 2024
ہومدنیاٹرمپ نے بائیڈن اور کملا کو قاتلانہ حملوں کا ذمہ دار قرار دے دیا

ٹرمپ نے بائیڈن اور کملا کو قاتلانہ حملوں کا ذمہ دار قرار دے دیا

نیویارک ؛ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر بائیڈن اور کملا ہیرس کی جانب سے ان کے خلاف بیان بازی سے متاثر ہو کر مشتبہ شخص ریا روتھ ویسٹ پام بیچ آیا تھا تاکہ قاتلانہ حملے کی کوشش کرسکے۔

امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس کی بیان بازی ہی ان پر گولیاں چلوا رہی ہے، وہ ملک کو بچانا چاہتے ہیں اور یہ بائیڈن اور کملا ہیں جو ملک کو اندرونی اور بیرونی طور پر تباہ کر رہے ہیں۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ بندوق بردار شخص 12 گھنٹے تک سکستھ ہول کے قریب درختوں میں چھپا رہا اور پھر اپنی کلاشنکوف کا رخ گالف کورس کی جانب کردیا جہاں سابق صدر ٹرمپ اور ان کے مہمان کھیل میں مصروف تھے۔

صدر ٹرمپ سے آگے چلنے والے سیکرٹ سروس ایجنٹ نے روتھ کی بندوق کی نال دیکھتے ہی ملزم پر فائرنگ کی تھی جس پر روتھ بغیر فائرنگ کیے ہی فرار ہوگیا تھا۔ کہا گیا ہے کہ جس جگہ روتھ چھپا ہوا تھا وہاں سے وہ سابق صدر ٹرمپ کو دیکھ بھی نہیں سکتا تھا۔

روتھ نے تفتیش کاروں کو بندوق کے ساتھ وہاں موجود ہونے کی وجہ تاحال نہیں بتائی تاہم روتھ نے پچھلے برس کتاب لکھی تھی جس میں اس نے ٹرمپ کو 2016 میں ووٹ دینے پر پچھتاوے کا اظہار کیا تھا اور سابق صدر پر قاتلانہ حملے کی وکالت کی تھی۔

ویسٹ پام بیچ وفاقی عدالت نے روتھ پر اسلحے کے استعمال کی خلاف ورزی کے 2 الزامات عائد کیے ہیں۔ دوسری جانب کملا ہیرس اور والز کی انتخابی مہم کے کو چیئرمین سینیٹر کرسٹوفر کونز نے ڈونلڈ ٹرمپ کے دعویٰ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا ہے کہ ڈیموکریٹس کی بیان بازی ان پر گولیاں چلوا رہی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔