Thursday, September 19, 2024
ہومبریکنگ نیوزنوازشریف پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں سے غیرمشروط مذاکرات چاہتے ہیں: رانا ثنا

نوازشریف پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں سے غیرمشروط مذاکرات چاہتے ہیں: رانا ثنا

اسلام آباد (سب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نوازشریف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت تمام پارٹیوں سے غیرمشروط مذاکرات چاہتے ہیں۔نجی ٹی وی کو انٹرویو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ اختر مینگل کا کل استعفی دے کر آج واپس لینا ان کیلئے مشکل ہوگا، ایسی چیزیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مینیج ہوتی ہیں، اس پرمتفق ہیں کہ بلوچستان کے معاملات کواولین ترجیح سمجھ کر حکومت اور متعلقہ اداروں کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی 99.99 فیصد آبادی محب وطن، آئین اور قانون پر یقین رکھتی ہے ان سے علیحدہ برتا ئو ہونا چاہیے، اختر مینگل کے گلے شکوے سنے اور یقین دہانی کرائی ہے ان کی پارلیمنٹ میں موجودگی بلوچستان کیلئے بڑی اہمیت ہے۔ان کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان کی اس بات سے متفق نہیں بلوچستان میں حکومتی عمل داری ختم ہوگئی ہے، بلوچستان کے کسی علاقے میں کسی دہشتگرد تنظیم کی عمل داری نہیں ہے۔

ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ نواز شریف نے ملک واپس آکر دوٹوک کہا تھا ملک کو اس صورتحال سے نکالنے کیلئے سب کو سرجوڑ کر بیٹھنا پڑے گا، پارٹی میں بات چیت کے دوران بھی نواز شریف نے اس بات کو دہرایا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹیوں سے غیرمشروط مذاکرات چاہتے ہیں، یہ بات قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے لوگوں کے سامنے بھی کی ہے، وزیراعظم نے دوہفتے پہلے سب سے ہاتھ ملایا اور غیرمشروط مذاکرات کی بات کی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔